ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا ضلع  کےدونوں تعلیمی اضلاع میں پہلے دن65- 74فی صدطلبا کی حاضری :طلبا اور اساتذہ  کے چہروں پر خوشی

اترکنڑا ضلع  کےدونوں تعلیمی اضلاع میں پہلے دن65- 74فی صدطلبا کی حاضری :طلبا اور اساتذہ  کے چہروں پر خوشی

Tue, 24 Aug 2021 19:32:04    S.O. News Service

کاروار:24؍اگست (ایس اؤ نیوز)کورونا کی وجہ سے بند کئے گئے ہائی اسکولوں اور کالجوں کے دروازے پیر کو دوبارہ کھولے گئے ، صحن میں اسکول کی گھنٹی کی آوازیں گونجی تو کمروں  کا سناٹا غائب ہوگیا اور   طلبا کی ہل چل نظر آنے لگی۔کاروار تعلیمی ضلع  میں  پہلے دن قریب 74فی صداور سرسی تعلیمی ضلع میں 65فی صد طلبا نے  کلاسوں میں حاضری دی۔

ریاستی حکومت نے کووڈ پوزیٹی ویٹی ریٹ  2فی صد سے کم والے اضلاع میں 9ویں سے پی یوسی دوم تک کی کلاسوں کو شروع کرنےکا حکم دیاتھا۔ جس کے تحت اترکنڑا ضلع میں تعلیمات عامہ محکمہ نے مناسب تیاریاں کرتےہوئے سنیچر اور اتوار کو اسکولوں اور کالجوں کے کمروں کا سینی ٹائزیشن کیا تھا۔

پیر کو طلبا اسکولوں اور کالجوں کی طرف پلٹے تو انہیں پھولوں اور غباروں سے سجے کمروں نے استقبال کیا۔ ایک لمبے عرصے کے بعد استادوں نے اپنے طلبا کو بہت گرم جوشی کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ بچوں کے ہاتھوں کو سینی ٹائز کرتےہوئے ان کی جسمانی گرمی  کی پیمائش کی گئی ۔ اس کے بعد متعینہ تعداد کو کمروں میں بٹھا کر سبق کی شروعات کی گئی۔

کاروار تعلیمی ضلع کے ڈپٹی ڈائرکٹر ہریش گاؤنکر نے بتایا کہ محکمہ کے سبھی افسران نے مختلف اسکولوں کا دورہ کرتےہوئے معائنہ کیا ہے۔ طلبا اور والدین نے اسکولوں کی شروعات پر بہت ہی خوشی کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے ضلع میں طلبا کی پہلے دن کی حاضری پر اطمینان کااظہار کیا۔

پی یوکالجوں میں بھی پہلے دن طلبا کی بہتر حاضری رہی ، سینی ٹائز اور ماسک پہنے ہوئے طلبا جسمانی فاصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے کلاسوں میں بیٹھے ہوئے دیکھے گئے۔

ادھر دوسری طرف فی الحال ہاسٹل اور اقامتی اسکول کی شروعات نہیں کی گئی ہے، جس کی وجہ سے حاضری میں تھوڑی کمی ہوئی ہے۔ جیسےہی ہاسٹل کی شروعات ہوگی  کلاسوں میں حاضری معمول پر آ نے کی توقع ہے۔

چونکہ دیہی علاقوں کے کئی روٹ پر بسوں کی آمد ورفت شروع نہیں کی گئی ہے۔ والدین دیہی علاقوں پر بسوں کو دوڑانے کی مانگ کررہے ہیں۔

ساحلی اضلاع کے 5تعلقہ جات پر مشتمل کاروار تعلیمی ضلع میں پہلے دن 74فی صد طلبا کی حاضری رہی۔ کاروار میں 63فی صد، انکولہ میں 69فی صد، کمٹہ میں 76فی صد، ہوناور میں 71فی صد، اور بھٹکل میں 67فی صد طلبا کلاسوں میں حاضر رہے۔

اسی طرح گھاٹ کے اوپری 6تعلقہ جات پر مشتمل سرسی تعلیمی ضلع کے 9اور10کلاسوں میں کل 22170طلبا نے داخلہ لیا  اور پیر کے دن 14595طلبا حاضر ہوئے۔ اس مناسبت سے اسکولوں میں حاضری کی شرح 65فی صد رہی ۔ سرسی میں 65.75فی صد، سداپور میں 80.43فی صد، یلاپور میں 66.68 فی صدمنڈگوڈ میں 50.62فی صد، ہلیال میں 68.89فی صد اور جوئیڈا میں 60.59فی صد طلبا حاضر رہے۔


Share: